اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اسرائیل ایران کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن اسلامی ممالک کے اسرائیل سے سفارتی یا تجارتی روابط ہیں، وہ فوری طور پر منقطع کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی تو کل سب کی باری آئے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے صدیوں پر محیط گہرے تعلقات ہیں، اور آج ایران، یمن اور فلسطین بیک وقت اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ ایسے میں مسلمان ممالک کو خوابِ غفلت سے جاگنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا فوری اجلاس بلا کر ایسی مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کی جائے جس سے اسرائیل کی جارحیت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
وزیر دفاع نے ایران پر حالیہ اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے چن چن کر ایران کی ایٹمی تنصیبات اور اہم شخصیات کو نشانہ بنایا، اور یہ حملہ اسرائیل نے تنہا نہیں کیا، اسے مکمل انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل معاونت فراہم کی گئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل بچوں اور خواتین کا قاتل ہے، فلسطین کی تباہی کا ذمہ دار ہے اور اس کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔ ایسے میں یہودیت کو عالم اسلام کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اسرائیل سے تعلقات نہیں رکھنے چاہئیں۔
