کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے۔ سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف انتخابی میدان میں اترنے والی جماعتیں آج اسمبلی کے فلور پر اکٹھی کھڑی نظر آ رہی ہیں۔ یہ نیا اتحاد بلاشبہ ایک پیغام رکھتا ہے، مگر پیپلز پارٹی اس سے کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔
ایران پر اسرائیلی حملہ: ترک صدر کا شدید ردعمل، خطے کو تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست سب پر واضح ہے، یہ جماعت ہمیشہ بلدیاتی انتخابات سے راہِ فرار اختیار کرتی رہی ہے کیونکہ عوامی حمایت ختم ہو چکی ہے۔ پیپلز پارٹی نے کراچی میں بدامنی، بھتہ خوری، بوری بند لاشوں اور کھالوں کی سیاست کا خاتمہ کیا۔
شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کا اسمبلی میں حالیہ رویہ ان کے احساسِ محرومی کا مظہر ہے۔ ایران پر حملے کو بہانہ بنا کر جو تماشا لگایا گیا، وہ بھی عوام کے سامنے آ چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر کا آغاز ایران پر حملے کی مذمت سے کیا، مگر اپوزیشن نے اس موقع پر بھی منفی سیاست کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے، اور ماضی کی طرح آج بھی کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ اگر ایم کیو ایم کو واقعی کراچی کے عوام کی فکر ہوتی، تو کے فور منصوبے یا حیدرآباد-سکھر موٹر وے کے لیے آواز بلند کرتی، مگر یہ صرف تماشائی بنے بیٹھے رہے۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، جن میں جام صادق پل کا افتتاح بھی رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ کے آغاز میں متوقع ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت نے کبھی کراچی اور اندرونِ سندھ کے درمیان تفریق نہیں رکھی۔ جعلی مینڈیٹ رکھنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، اور اگر ان میں ہمت ہوتی تو بلدیاتی انتخابات سے نہ بھاگتے۔
بجٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جس میں گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیر توانائی و منصوبہ بندی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد وزیر اعلیٰ کو نشانہ بنانا تھا، مگر وزیر اعلیٰ نے بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف زرداری کے ویژن پر عملدرآمد کر کے اپوزیشن کی سیاست کو غیر مؤثر کر دیا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ صحافیوں کو بجٹ پر مکمل بریفنگ دی جائے گی، اور ارکانِ اسمبلی کے اعزازیہ کو دیگر صوبوں کے مساوی لانے پر بھی کام جاری ہے۔
