کراچی – عیدالاضحیٰ کی آمد میں صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں اور مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ نادرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی میں اتوار کے روز خریداروں کا ہجوم امڈ آیا۔
منڈی انتظامیہ کے مطابق اب تک دو لاکھ سے زائد جانور منڈی میں لائے جا چکے ہیں، جن میں بیل، گائے، بکرے اور اونٹ شامل ہیں۔ اس وقت ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد جانور مویشی دوست منڈی میں موجود ہیں۔
جانوروں کی قیمتیں شہریوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہیں۔ بکرے کی قیمت 60 ہزار سے شروع ہو کر ڈیڑھ لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اونٹ 3 لاکھ سے 10 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔
گرمی کی شدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے بیوپاری جانوروں کو نہلانے اور مناسب پانی فراہم کرنے کے انتظامات کر رہے ہیں تاکہ جانور تروتازہ اور صحت مند رہیں۔ منڈی کے ایڈمنسٹریٹر شہاب علی کے مطابق روزانہ جانوروں کو نہلایا جاتا ہے اور وافر پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر فیصل علی نے بتایا کہ مارشلنگ ایریا میں ویٹرنری ڈاکٹرز کی ٹیمیں تعینات ہیں جو ہر جانور کو مکمل چیک اپ کے بعد منڈی میں داخلے کی اجازت دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کی آمد عید کے دن تک جاری رہے گی۔
