بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کو بھرپور جوابی کارروائی میں مزید 3 پوسٹیں تباہ کر دی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کے خلاف یہ بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور بھارتی جارحیت کا سخت جواب دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مندل سیکٹر میں سری ٹاپ پر واقع بھارتی پوسٹ کو پاک فوج نے تباہ کر دیا ہے، جس کے بعد بھارتی پوسٹ دھویں کی لپیٹ میں آ گئی۔ اسی طرح چری کوٹ کے بلمقابل جبڑی پوسٹ کو بھی پاک فوج کی گولہ باری سے تباہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پورا بھارتی پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آ گیا، اور بھارتی فوجی اس کے بعد وہاں سے فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی کی فوٹیج میں بھارتی پوسٹ کی تباہی اور اس سے نکلنے والے دھویں کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ پونچھ سیکٹر میں 93 بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر کی تباہی کی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 12 بریگیڈ اڑی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کو پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب ملا تھا۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں نے بھارتی فوج کے قدموں کو اکھاڑ دیا ہے۔
