کراچی (کرائم رپورٹر) ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات اور جدید تکنیکی سہولیات کا استعمال کرتے ہوئے قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی کئی دنوں کی نگرانی اور تحقیق کے بعد عمل میں لائی گئی۔
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 5 خارجی ہلاک، 2 گرفتار
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت عاصف کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک عرصے سے پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پسٹل بمعہ گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملزم عاصف نے ذاتی دشمنی کی بنیاد پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے اسامہ نامی نوجوان کو ہلاک کیا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہو گیا تھا اور مسلسل قانون کی گرفت سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عاصف کے خلاف تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ نمبر 302/324/109/34 u/s 395/25 کے تحت مقدمہ درج تھا۔ عاصف ماضی میں بھی مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے اور جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور امکان ہے کہ دوران تفتیش مزید اہم شواہد اور انکشافات سامنے آئیں گے، جو دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

