راولپنڈی/پشاور: پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے تین مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد فرید اللہ سمیت 5 خارجیوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ دو کو گرفتار کر کے خفیہ ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
پاکستان کا ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ، 450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا کامیاب آپریشن باجوڑ میں کیا گیا جہاں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 3 خارجی مارے گئے، جن میں مطلوب دہشت گرد فرید اللہ بھی شامل تھا۔
دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں ہوا، جہاں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 خارجی مارے گئے۔
تیسری کارروائی مہمند میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کر کے لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ کو انجام تک پہنچانا قابلِ ستائش ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم پاکستان نے بھی سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو اسی عزم و ہمت سے ناکام بنایا جائے گا، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
