اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ مجموعی طور پر موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا دو ٹوک مؤقف: بھارت نے دراندازی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا اور جنوبی اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہو سکتا ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ نمی کے باعث گرمی کی شدت 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ محسوس شدہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوب مغربی سمت سے 17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔
