کراچی: پاکستان کی نو عمر باکسر عالیہ سومرو نے ایک بار پھر وطن کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے کے لیے تیاری مکمل کر لی ہے۔ لیاری سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت باکسر عالیہ سومرو، جو صرف 19 برس کی ہیں، اب تک باکسنگ کے کئی میچ جیت چکی ہیں اور اپنی محنت و لگن سے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی جانب گامزن ہیں۔
قائدآباد پولیس کی کامیاب کارروائی — اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم ذیشان گرفتار، اسلحہ برآمد
پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کے بعد، عالیہ سومرو نے باکسنگ کے میدان میں قوم کو خوشخبری دینے کا عزم کر رکھا ہے۔ وہ اس وقت تھائی لینڈ میں موجود ہیں جہاں وہ 3 مئی کو مقامی باکسر گیانوچ کے خلاف اہم مقابلے میں رنگ میں اتریں گی۔
عالیہ بچپن ہی سے باکسنگ کی دنیا میں قدم رکھ چکی تھیں اور کم عمری سے ہی مختلف سطحوں پر اپنی مہارت کا لوہا منوا چکی ہیں۔ باکسنگ میں اُن کی لگن اور غیر معمولی کارکردگی نے نہ صرف لیاری بلکہ پورے پاکستان کو اُن پر فخر کرنے کا موقع دیا ہے۔
تھائی لینڈ میں میچ کے بعد، عالیہ سومرو دبئی روانہ ہوں گی جہاں ان کا اگلا باکسنگ مقابلہ انڈیا کی باکسر کے ساتھ طے ہے۔
عالیہ سومرو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کو دکھانا چاہتی ہیں کہ پاکستان کی بیٹیاں ہر میدان میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔


