ضلع کیماڑی میں اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر قائد میں متحرک ایک انتہائی مطلوب چار رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق، گرفتار ملزمان کے قبضے سے چار غیر قانونی پستول، ڈھائی لاکھ روپے نقد اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق، ملزمان نے گزشتہ ماہ تھانہ مدینہ کالونی کی حدود میں ڈیری ملک سپلائر شعیب سے 40 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی، جس کا مقدمہ 100/25 بجرم دفعہ 395/34 کے تحت درج ہے۔ کارروائی کئی روز کی ریکی اور CCTV فوٹیج کی مدد سے منگھوپیر روڈ، پاک کالونی کے علاقے میں عمل میں لائی گئی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت فراز حیدر، محمد رمضان، علی رضا اور محمد عبید کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کارروائی کی قیادت سب انسپکٹر راجہ خالد نے کی۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان پیشہ ور اور عادی جرائم پیشہ ہیں جو اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں جیل جا چکے ہیں۔ ذیل میں ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی تفصیلات دی گئی ہیں:
مجرمانہ ریکارڈ:
1. فراز حیدر ولد غلام حیدر:
FIR NO.193/21 – PS کھارادار
FIR NO.232/21 – PS کھارادار
FIR NO.168/22 – PS بلوچ کالونی
FIR NO.438/23 – PS موچکو
2. علی رضا ولد صالح محمد:
FIR NO.193/21 – PS کھارادار
FIR NO.230/21 – PS کھارادار
3. محمد رمضان ولد محمد فاروق:
FIR NO.562/21 – PS اتحاد ٹاؤن
4. محمد عبید ولد اورنگزیب:
FIR NO.20/23 – PS کینٹ ریلوے
FIR NO.15/25 – PS سٹی ریلوے
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں مزید مقدمات درج کرکے تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی اسٹریٹ کرائم کے خلاف جاری مہم میں ایک بڑی پیشرفت ہے۔

