کراچی – کورنگی میں پیش آنے والے آتشزدگی اور گیس اخراج کے سنگین واقعے پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی فوری مداخلت کے بعد عالمی ماہرین کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے ہنگامی بنیادوں پر امریکی کمپنی Cudd Well Control کی خدمات حاصل کر لی ہیں تاکہ صورتحال کو جلد از جلد کنٹرول کیا جا سکے۔
کراچی پولیس کا اہم اجلاس: ٹریفک مینجمنٹ اور انسدادِ جرائم پر اہم فیصلے
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) اور یو ای پی ایل (UEPL) کی تکنیکی ٹیموں نے بھی متاثرہ مقام کا مشترکہ دورہ کیا ہے، جبکہ ڈرلنگ، کمپلیشن اور سیفٹی کے ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیم نے سائٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق ماہرین نے معائنے کے دوران مشاہدہ کیا کہ آگ کی شدت میں کمی نہیں آئی اور گیس کے دباؤ کے باعث گڑھا مزید پھیل رہا ہے، جبکہ گرم پانی کا اخراج بھی مسلسل جاری ہے، جو صورتحال کو مزید خطرناک بنا رہا ہے۔
متاثرہ مقام پر سیمنٹ بھرنے کی حکمت عملی کے حوالے سے ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو نئی ویل کھودنے اور گیس کے منبع تک پہنچنے کا فیصلہ ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق گیس کی مقدار اور درجہ حرارت معلوم کرنے کے لیے جدید آلات منگوائے جا رہے ہیں، تاکہ اصل صورتحال کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
حکومتِ سندھ اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
