کراچی (11 اپریل 2025) — پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی کی قیادت میں کراچی میں "اسرائیل مردہ باد مارچ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، وکلا، تاجروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اہلسنت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ مارچ ایم اے جناح روڈ پر مزار عالم شاہ بخاری علیہ الرحمہ اور مزار امیر شہدائے میلاد مصطفیؐ شہید عباس قادری علیہ الرحمہ سے شروع ہو کر امریکی قونصلیٹ تک پرامن طور پر پہنچا۔ مارچ کے اختتام پر امریکی قونصلیٹ کو فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف یادداشت بھی پیش کی گئی۔
مرکزی قائدین کا خطاب
ثروت اعجاز قادری نے خطاب میں کہا:
"اسرائیل کی درندگی نے دنیا کا امن تباہ کر دیا ہے، وہ فلسطینیوں پر ناقابلِ بیان مظالم ڈھا رہا ہے۔ معصوم بچے خوراک اور علاج سے محروم ہیں۔ غزہ پر بمباری، قید خانوں میں قیدیوں پر تشدد اور جسمانی اعضا کاٹنا اسرائیلی ظلم کی بدترین مثال ہے۔”
انہوں نے مزید کہا:
"اسرائیل کو مظلوم فلسطینیوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔ اسپتال، پناہ گزین کیمپ، اسکول اور دیگر بنیادی سہولیات کو تباہ کرنا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔”
علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا:
"اسرائیل نے جنگی قوانین کو پامال کرتے ہوئے غزہ کے 90 فیصد گھروں کو تباہ کر دیا ہے۔ اسرائیل کی بمباری سے مقامی آبادی بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہو چکی ہے۔”
انہوں نے عالمی برادری اور اسلامی دنیا سے مطالبہ کیا کہ:
"قابض اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کی جائے۔ اگر مسلم حکمران اب بھی خاموش رہے تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔”
ملک گیر احتجاج
مرکزی قیادت کی ہدایت پر پاکستان سنی تحریک کی جانب سے ملک بھر میں اسرائیل کے خلاف ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ تمام ریلیوں میں فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مارچ میں شریک رہنماؤں اور مقررین نے کہا کہ فلسطین پر حملے انسانیت کے خلاف کھلی جنگ ہیں اور اسرائیل کو اس کے مظالم کا جواب ضرور ملے گا۔
