اسلام آباد: ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے سنگین جرائم میں ملوث دو خطرناک اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کر لیا۔ ان ملزمان کو گزشتہ تین سال سے قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں تلاش کیا جا رہا تھا۔
ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول کورنگی کی بڑی کامیابی، 10 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی چرس اسمگل کرنے والا گرفتار
گرفتار ملزمان کی شناخت علی زیب اور ولید سجاد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں ملزمان پنجاب پولیس کو قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے اور جرم کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے انٹرپول نے ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کیے تھے۔
انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے نتیجے میں ان کی گرفتاری ممکن ہوئی اور دونوں ملزمان کو یو اے ای سے گرفتار کر کے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں باضابطہ کارروائی کے بعد پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔
ملزم علی زیب تھانہ علی پور اور ولید سجاد تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن، گوجرانوالہ کو مطلوب تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول دنیا بھر میں 24/7 فعال رابطے میں ہے اور سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
