اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے نئے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ رفعت مختار کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 24ویں کامن سے ہے۔ اس سے قبل وہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں انسپکٹر جنرل کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں 9 دہشت گرد ہلاک اسلحہ اور بارودی مواد برآمد
اپنے کیریئر کے دوران رفعت مختار نے کئی اہم عہدوں پر فائز رہ کر ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کے طور پر بھی تعینات رہے۔
رفعت مختار نے پنجاب کے مختلف ریجنز میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کے طور پر بھی خدمات سرانجام دی ہیں، جن میں گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور بہاولپور شامل ہیں۔
ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز آمد پر افسران سے ان کا تعارف کروایا گیا اور ادارے کے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار نے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں ایمانداری، فرض شناسی اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بہتر سروسز فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے گا جبکہ بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو جاری رکھا جائے گا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے واضح کیا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ادارے کی ساکھ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

