کراچی: پاکستان سنی تحریک کے ذیلی ادارے، اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن، نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سستا گوشت کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر، انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا مقصد غربت کے مارے عوام کو وہ اشیاء فراہم کرنا ہے جو ان کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، جیسے گوشت، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیاء۔
کلفٹن بلاک 8 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سماعت
کراچی کے علاقے کھارا در میں لگائے گئے اس سستا گوشت کیمپ میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران سلمان قادری، جمیل میمن، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری نجیب اللہ زیری، مرکزی کوآرڈینیٹر طیب حسین قادری، مرکزی ترجمان خالد ضیاء، کراچی ڈویژن کے صدر جواد قادری، کراچی ڈویژن انفارمیشن سیکرٹری عمران قادری، صوبائی سیکرٹری بلوچستان گل حسن، کراچی رابطہ کمیٹی کے رکن طاہر قادری، شکیل قادری، فہیم قادری سمیت دیگر ذمہ داران اور کارکنان موجود تھے۔
ثروت اعجاز قادری نے بتایا کہ 1400 روپے کلو میں فروخت ہونے والا گوشت اس کیمپ کے ذریعے 700 روپے کلو فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں چکن بھی آدھی قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح آٹا، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیاء بھی سستے داموں دستیاب ہوں گی تاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو سہولت دی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی پورے پاکستان میں کیمپ لگائے گئے ہیں، جبکہ حیدرآباد میں 30 مقامات پر یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ تنظیم کا مقصد مخیر حضرات کو اس نیک کام میں شامل کرنا اور عوام کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوام بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں مستحق افراد کی مدد کرنا سب پر فرض ہے۔ اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے تحت لگائے گئے کیمپوں کا یہ سلسلہ رمضان المبارک کے بعد بھی جاری رہے گا، کیونکہ ہمارا سلوگن ہے "خدمت سب کے لیے” اور یہ مشن ہمیشہ جاری رہے گا۔
ثروت اعجاز قادری نے تمام ذمہ داران، کارکنان، والنٹیئرز اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے عوام کو یہ سہولت میسر ہو رہی ہے۔ انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ رمضان سے ایک ہفتہ قبل ہی راشن کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا تھا، جس میں سید خاندانوں کے لیے علیحدہ اور عام مستحق افراد کے لیے علیحدہ راشن مختص کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے ہر ڈسٹرکٹ اور سیکٹر کے ذمہ داران مستحق افراد کو عزت نفس مجروح کیے بغیر ان کے گھروں تک راشن پہنچا رہے ہیں، کیونکہ یہی وہ عمل ہے جس سے اللہ ہم سے راضی ہوگا۔

