پبی: عراقی اسپیشل فورسز کی پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی تربیت مکمل ہو گئی۔ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں تربیت کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عراقی فوجی جوانوں کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی گئی۔
گھوٹکی میں ایم پی اے جام مہتاب کے قافلے پر حملہ، ایک گارڈ جاں بحق، تین زخمی
رپورٹ کے مطابق عراقی سپیشل فورسز کے اہلکار 19 دسمبر 2024 کو پاکستان پہنچے تھے اور اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل کی۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور عراق کے مابین عسکری تربیت کا تعاون 1955 سے جاری ہے، اور عراقی فوج کی درخواست پر ان کے سپیشل فورسز کے جوانوں کو پاکستان میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
پاکستانی فوجی حکام کے مطابق این سی ٹی سی پبی ایک جدید ترین سہولیات سے آراستہ اور بین الاقوامی شہرت یافتہ تربیتی مرکز ہے، جو خطے میں انسدادِ دہشت گردی کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی عراقی اسپیشل فورسز کے مزید جوانوں کو پاکستان میں تربیت دی جائے گی تاکہ دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
