(تشکر نیوز) — معروف ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار نے سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد اپنی ملازمہ کے ہمراہ وضاحتی ویڈیو شیئر کردی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی، ٹیم کمبی نیشن بھی فائنل
انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں صحیفہ جبار نے اپنی ملازمہ سے کہا کہ کچھ لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ "انہوں نے ملازمہ کو بلاوجہ پیسے دیے، نہیں دینے چاہیے تھے۔”
ویڈیو میں ملازمہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بی بی (صحیفہ جبار) تو مجھے بہن کی طرح سمجھتی ہیں، اس لیے پیسے دیے۔”
ملازمہ نے مزید کہا کہ "اگر پیسے ختم ہوگئے تو اس میں بی بی کا کیا قصور؟ لوگوں کو تو خوش ہونا چاہیے کہ وہ اپنے ملازمین کا خیال رکھتی ہیں۔”
یاد رہے کہ صحیفہ جبار نے اس سے قبل انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی ملازمہ کو 50 ہزار روپے دیے تاکہ وہ اپنی اہم ضروریات پوری کرسکیں۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ملازمہ نے یہ رقم دو دن میں عید کے کپڑوں اور بچے کے لیے سائیکل خریدنے پر خرچ کردی، جس پر صحیفہ جبار نے ناراضی کا اظہار کیا اور اس خریداری کو فضول خرچی قرار دیا تھا۔
تاہم، سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے اس رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ملازمہ نے اپنے بچوں اور اہل خانہ کے لیے خریداری کی، جو کہ اس کی اصل ضرورت تھی۔ کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ کسی کے ذاتی خرچ پر تنقید کرے۔”
عوامی ردعمل کے بعد صحیفہ جبار نے اپنی اصل پوسٹ حذف کردی اور ملازمہ کے ساتھ ویڈیو جاری کرتے ہوئے وضاحت پیش کی۔
ویڈیو میں ملازمہ نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ "بی بی پر تنقید نہ کریں، انہوں نے میری مدد کی ہے اور میرا خیال رکھتی ہیں۔”
