اسلام آباد – مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف ذاتی طور پر نوٹس لیں گے اور کرکٹ کے معاملات کو کابینہ اور پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔
راولپنڈی میں بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار، ٹاس بھی نہ ہوسکا
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایک خودمختار ادارہ ہے، مگر وہ ذاتی طور پر وزیراعظم سے گزارش کریں گے کہ معاملے کو اعلیٰ سطح پر زیر بحث لایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف چیئرمین کی تقرری کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
پی سی بی افسران کی تنخواہوں اور مراعات پر سوالات
پی سی بی کے عہدیداروں کی تنخواہوں کے حوالے سے کیے گئے سوال پر رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا کہ اعلیٰ عہدیدار 50 لاکھ روپے تک تنخواہیں لے رہے ہیں، جبکہ کئی افسران اپنی ذمہ داریوں سے بھی لاعلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ میں مراعات کا نظام حیران کن ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کسی ترقی یافتہ ملک کے افسران ہوں۔
پاکستان کرکٹ کی زوال پذیری پر تشویش
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں مسائل برسوں سے چلے آرہے ہیں، لوگ طاقت کے ذریعے عہدے سنبھالتے ہیں اور اپنی مرضی سے فیصلے کرتے ہیں، جس کے باعث پاکستان کرکٹ کا موجودہ حال بگڑ چکا ہے۔
پاکستان ایونٹ سے باہر، آج بنگلہ دیش سے آخری میچ
یاد رہے کہ 29 سال بعد پاکستان کو کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا موقع ملا تھا، لیکن قومی ٹیم محض چار دن میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ گرین شرٹس کو نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ آج پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلے گا۔
