لاہور میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرکٹ سے جڑی معروف شخصیات، سابق کرکٹرز، اور حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔ یہ رنگا رنگ تقریب تاریخی لاہور قلعہ کے دیوان عام میں منعقد ہوئی، جہاں چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی اپنی شرکت سے ایونٹ کی رونق بڑھائی۔
امریکا اور روس کے یوکرین جنگ کے مذاکرات، کیف اور یورپی رہنما باہر
تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو، چیئرمین پی سی بی، اور چیمپئنز ٹرافی کے برانڈ ایمبیسیڈرز موجود تھے۔ جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی، اور پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کو خصوصی گاڑی میں تقریب کے مقام تک پہنچایا گیا۔
ایونٹ کے دوران کرکٹ لیجنڈز کے پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا، جہاں مختلف اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ، موسیقی کی دھنوں اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ وزیر کھیل پنجاب فیصل ایون کھوکھر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی نظریں اس ٹورنامنٹ پر ہیں، اور پاکستان نے اس کی بھرپور تیاری کی ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو نے قذافی اسٹیڈیم کی محض 117 دن میں تزئین و آرائش پر حیرانی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
سرفراز احمد نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم ایک بار پھر چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوگی۔ اس یادگار تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی کے ساتھ ہوا، جس نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔