میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عوامی مفاد میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی پارکنگ سائٹس پر فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ جلد نافذ العمل ہوگا۔
“گلگت بلتستان کے نگر میں جدید سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح”
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کی 106 مرکزی سڑکوں پر موجود 46 پارکنگ سائٹس پر شہریوں سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ تاہم، 25 ٹاؤنز اور 6 کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس بدستور لاگو رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا تاکہ شہریوں پر پارکنگ فیس کا بوجھ مکمل طور پر ختم ہو جائے۔ ساتھ ہی، کے ایم سی کے نام پر غیرقانونی طور پر پیسے وصول کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی اب خود کفیل ہو چکی ہے، اور ادارے کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد رقم موجود ہے، جو کراچی کی ترقی میں استعمال کی جائے گی۔
