کراچی (تشکر نیوز) ویسٹ زون کی سرجانی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث پانچ رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے بتایا کہ یہ کارروائی تیسر ٹاؤن سیکٹر 51 میں کی گئی، جس کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پسٹلز، گولیاں، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق، سوشل میڈیا سے موصولہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو نیو کراچی میں گیس سلینڈر کی ایک دکان پر واردات کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ملزمان کے زیر استعمال دو موٹر سائیکلز بھی چوری شدہ نکلیں، جن کے مقدمات تھانہ عوامی کالونی اور سائٹ بی میں درج ہیں۔
گرفتار ملزمان میں کامران ولد محمد عالم، محمد اسد ولد بیت اللہ، عبدالرحمن ولد محمد لائق زبان، سفیان ولد محمد ندیم، اور محمد جابر ولد محمد طارق شامل ہیں۔ دوران تفتیش ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، روبری اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر جرائم کا پتہ لگایا جا سکے۔
