تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان ’’ بلے ‘‘ سے متعلق فیصلے پر حکم امتناع کے خلاف اپیل آج دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی سے انتخابی نشان ’’ بلا ‘‘ واپس لے لیا تھا جس کے خلاف تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور بعدازاں، عدالت عالیہ نے ای سی پی کے فیصلے کے خلاف حکم امنتاع جاری کر دیا تھا۔
تاہم ، جمعہ کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں۔ الیکشن کمیشن کا پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناع کیخلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ
اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ حکم امتناع کے خلاف پشاور ہاٸیکورٹ سے ہی رجوع کیا جائے گا اور اس ضمن میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے نظر ثانی اپیل آج پشاور ہائیکورٹ میں دائر کئے جانے کا امکان ہے۔
