ویب ڈیسک،
عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی کی رفتار بڑھ جاتی ہے مگر چند عام چیزوں کے ذریعے آپ اس کی روک تھام کرسکتے ہیں اور دماغ کو جوان رکھ سکتے ہیں۔
ہمارے دماغ کو اپنا کام کرنے کے لیے بہت زیادہ ایندھن کی ضرورت ہوتی ہے اور تحقیقی رپورٹس کے مطابق دن بھر میں ہم جتنی کیلوریز غذا سے حاصل کرتے ہیں، ان کا 20 فیصد حصہ دماغ استعمال کرتا ہے۔
اگر عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی افعال کو درست اور یادداشت کو مستحکم رکھنا چاہتے ہیں تو چند مشروبات کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
تو ان مشروبات کے بارے میں جانیں جو دماغ کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتے ہیں۔
کافی
کافی میں موجود کیفین نامی جز دماغ کو مستعد ہی نہیں رکھتا بلکہ اس سے توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ مزاج بھی خوشگوار ہوتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق معتدل حد تک کافی پینے سے فالج اور الزائمر امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
سبز چائے
سبز چائے میں بھی کیفین کی کچھ مقدار موجود ہوتی ہے اور کافی کی طرح یہ چائے بھی دماغ کو مستعد کرتی ہے۔
بیریز کے جوس
بلیک بیریز، بلیو بیریز اور اسٹرا بیریز کے جوسز کو پینے سے بھی دماغ کو فائدہ ہوتا ہے۔
ان پھلوں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس دماغی خلیات کو تکسیدی تناؤ سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
اسی طرح ان پھلوں میں موجود مرکبات سے یادداشت کو فائدہ ہوتا ہے۔
ہلدی کی چائے
ہلدی کا استعمال کھانے پکانے کے لیے ہوتا ہے مگر اس سے چائے کا ذائقہ بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
لیموں پانی
ہمارے جسم خاص طور پر دماغ کو پانی کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔
جب جسم کو پانی کی کمی کا سامنا ہوتا ہے تو دماغی افعال بھی متاثر ہوتے ہیں۔
دماغ کا 75 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پانی میں لیموں کے عرق کو ملا کر پینے سے دماغ کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
لیموں میں موجود اجزا خلیات کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جبکہ اس کی مہک سے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔
