وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں، نمائش کنندگان اور کاروباری و صنعتی شخصیات کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ ملک کی بہترین کاروباری، تخلیقی صلاحیتوں اور مہارتوں کی نمائندگی کرتا ہے، اور پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر کامیابی سے گامزن ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی تقریبات عالمی کاروباری برادری کے ساتھ روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور حکومت سندھ برآمدات کو آسان بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے 270 نمائش کنندگان اور 500 سے زائد عالمی ٹیکسٹائل مندوبین کی شرکت پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نمائش میں ملبوسات، میک اپ، ہوم ٹیکسٹائل، قالین، چمڑے کے ملبوسات، دستانے اور جوتے شامل ہیں، جو مقامی کاروباری اداروں کو عالمی منڈی سے جڑنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ 2022-23 میں پاکستان کی برآمدات کی رفتار مہنگائی اور اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کے باعث بری طرح متاثر ہوئی، لیکن حکومت ان مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
