تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان اسمبلی میں مزید 2 نشستیں مل گئیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد منتخب ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 اور 51 سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے ولی محمد اور عبدالخالق خان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پارٹی کے صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل اور پارٹی رہنما جمال شاہ کاکڑ بھی موجود تھے-
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ولی محمد اور عبد الخالق خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی اور ان کا خیر مقدم کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کے استحکام کے لئے کردار ادا کیا، جو لائق تحسین ہے، پاکستان کو انتشار نہیں استحکام کی ضرورت ہے، مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت اور مل کر چلنے سے ہی حل ہو سکتے ہیں، پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی کو اولین تقاضا سمجھتے ہیں، نومنتخب ارکان نے وزیراعظم نامزد ہونے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔
