کراچی: شہر قائد میں جرائم کی وارداتیں شہریوں کے لیے مسلسل تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران مختلف نوعیت کے جرائم کے 49 ہزار 159 واقعات رپورٹ ہوئے۔
سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 تک کراچی میں موٹرسائیکل چوری اور موبائل فون چھیننے کی وارداتیں سب سے زیادہ رپورٹ ہوئیں۔
موٹرسائیکل چوری اور موبائل فون چھیننے کے واقعات
سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق 10 ماہ کے دوران گاڑیاں چھیننے کے 163 اور چوری کے ایک ہزار 167 واقعات رپورٹ ہوئے۔
اسی عرصے میں موٹرسائیکل چھیننے کی 4 ہزار 382 جبکہ چوری کی 26 ہزار 222 وارداتیں سامنے آئیں۔
رپورٹ کے مطابق شہریوں سے 16 ہزار 668 موبائل فون چھینے گئے۔ یہ اعداد و شمار شہر میں اسٹریٹ کرائم کی صورت حال کو ظاہر کرتے ہیں۔
قتل، بھتہ خوری اور دیگر جرائم
سی پی ایل سی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری سے اکتوبر 2026 تک کراچی میں قتل کے 444 واقعات رپورٹ ہوئے۔
شمالی وزیرستان میں مساجد سے فتنۃ الخوارج کا بارودی مواد اور اسلحہ برآمد
اس دوران اغوا برائے تاوان کے 3 اور بھتہ خوری کے 117 واقعات بھی سامنے آئے۔ شہر میں بینک ڈکیتی کا ایک واقعہ رپورٹ کیا گیا۔
گزشتہ سال 65 ہزار سے زائد جرائم رپورٹ ہوئے
سی پی ایل سی کے مطابق گزشتہ سال 2025 میں کراچی میں مختلف نوعیت کے جرائم کے مجموعی طور پر 65 ہزار 463 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق موٹرسائیکل چوری، موبائل فون چھیننے اور گاڑیوں سے متعلق جرائم شہریوں کے لیے اہم مسائل ہیں۔ قتل کے 444 واقعات بھی شہر میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے اقدامات کی ضرورت اجاگر کرتے ہیں۔