پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب پر حملے فوری اور غیر مشروط طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایک بیان میں آرامکو کی انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کی۔
شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر تشویش
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بیان کے مطابق شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
پاکستان نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔
سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ
پاکستان نے سعودی حکام کی بروقت جوابی کارروائی کو سراہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ سعودی عوام کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔