بھارت: 8 ماہ کی حاملہ خاتون پر تشدد، حمل ضائع ہونے کا افسوسناک واقعہ

بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے وکاس نگر میں ایک افسوسناک واقعے میں مبینہ طور پر شوہر کے تشدد کے نتیجے میں 8 ماہ کی حاملہ خاتون کا حمل ضائع ہو گیا۔
جیفری ایپسٹین کیس: امریکی ایوان کی کمیٹی نے بل گیٹس سے سوالات کیے

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون سیما کی شادی 7 سال قبل ببلو نامی شخص سے ہوئی تھی۔ جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں جبکہ سیما تیسری بار حاملہ تھی۔

رپورٹس کے مطابق چند روز قبل میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے دوران شوہر نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر بیوی پر لاتوں اور ڈنڈوں سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں خاتون کا حمل ضائع ہو گیا۔

واقعہ اس وقت سامنے آیا جب سیما کے والد اپنی بیٹی سے ملنے پہنچے، تاہم انہیں گھر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر حکام موقع پر پہنچے اور متاثرہ خاتون کو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم سیما کو چند روز قبل زبردستی ایک اور شہر لے گیا تھا، جہاں مبینہ طور پر قبل از پیدائش جنس معلوم کرنے کے لیے ٹیسٹ بھی کروائے گئے۔ اہل خانہ کے مطابق ٹیسٹ میں لڑکی ہونے کی اطلاع کے بعد تشدد میں اضافہ ہوا۔

تاہم پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان تنازع زمین کی خرید و فروخت سے متعلق تھا، جس کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی نتیجہ تفتیش کے بعد سامنے آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!