...

کراچی میں نومبر سے نئی ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کے روٹس شروع کرنے کی تیاری

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نومبر میں آنے والی نئی ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کے لیے نئے روٹس شروع کرنے کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے یلو لائن اور ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے اور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبوں کے درمیان مؤثر سفری رابطہ قائم کرنے پر بھی زور دیا۔

شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، یلو لائن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کمال دایو، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حکام نے سینئر وزیر کو یلو لائن اور ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں، بی آر ٹی منصوبوں کے انضمام اور نئی ڈبل ڈیکر و الیکٹرک بسوں کے مجوزہ روٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آر ٹی کی مختلف لائنوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے سے شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ صرف ٹرانزٹ لائنوں کی تعمیر کافی نہیں بلکہ ان کے درمیان مؤثر سفری رابطہ قائم کرنا بھی ضروری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن، گرین لائن، ریڈ لائن اور یلو لائن کو باہم مربوط کرنے سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔

سینئر وزیر نے یلو لائن اور ریڈ لائن کے مختلف حصوں، پلوں اور دیگر تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے مین تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر کام تیز کرنے کے احکامات بھی دیے۔ انہوں نے یلو لائن کے ڈیپوز پر جاری کام میں بھی تیزی لانے پر زور دیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی ٹرانسپورٹ کے دائرہ کار میں اضافے اور شہریوں کو بہتر سفری نظام فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.