پاکستان سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا، جنرل عامر رضا

کاکول: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تقدس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا اور سرحدی خلاف ورزیوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ ملکی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری نئے فارغ التحصیل کیڈٹس کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

سرحدی خلاف ورزیوں کا فیصلہ کن جواب دینے کا عزم

جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی صورت قابل قبول نہیں اور کسی بھی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کے ہر حصے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ان کے مطابق افواج پاکستان نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

جنرل عامر رضا نے خواتین کیڈٹس کی شرکت کو بھی باعثِ فخر قرار دیا اور کہا کہ مسلح افواج میں ان کی شمولیت اہمیت رکھتی ہے۔

علاقائی کشیدگی میں کمی اور عالمی مسائل

خطاب میں جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

انہوں نے فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کا دیرینہ تنازع بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

کراچی: تھانہ اورنگی ٹاؤن میں ایس بی سی اے کے معطل افسر کے خلاف بھتہ خوری کا مقدمہ درج

مختلف کورسز کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ تقریب میں مختلف تربیتی کورسز مکمل کرنے والے کیڈٹس نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں حصہ لیا۔ ان میں 154واں پی ایم اے لانگ کورس، 39واں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73واں انٹیگریٹڈ کورس اور 28واں لیڈی کیڈٹ کورس شامل تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنگلا دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن کے کیڈٹس نے بھی پاکستان ملٹری اکیڈمی سے گریجویشن مکمل کی۔

جنرل سید عامر رضا نے بطور مہمانِ خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔

نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس کو اعزازات

154ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد جنید جبار کو اعزازی شمشیر جبکہ بٹالین سینئر انڈر آفیسر سید حسن عباس کو صدارتی گولڈ میڈل دیا گیا۔

اسی کورس کے بنگلا دیشی سینئر انڈر آفیسر ریاض محمود خان کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل اور کمپنی اسپورٹس سارجنٹ محمد عبداللہ کو مارکس مین میڈل سے نوازا گیا۔

39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر علی احمد مصطفیٰ کو چیف آف آرمی اسٹاف کین پیش کی گئی۔

73ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد حمزہ فیاض اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس جونیئر انڈر آفیسر مریم طارق کو کمانڈنٹ کی چھڑی دی گئی۔

One thought on “پاکستان سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا، جنرل عامر رضا”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!