نارتھ کراچی میں قتل ہونے والے بزرگ میاں بیوی کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مقتولین کے بچے کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ایدھی حکام کے مطابق محمد یامین خان اور ان کی اہلیہ نفیسہ اختر کی میتیں سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے سے اہلخانہ کے حوالے کی گئیں۔ میتیں پہلے ان کی رہائش گاہ لے جائی گئیں۔ نماز جنازہ کے بعد دونوں کو مقامی قبرستان میں دفن کردیا گیا۔
جائیداد کے تنازع کا شبہ
سرسید تھانے کے ایس آئی خوش نواز پتافی کے مطابق مقتولین کے بچوں کے بیانات تدفین کے بعد ریکارڈ کیے جائیں گے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ معلوم نہیں ہوتا۔ گھر سے لوٹ مار کے شواہد نہیں ملے۔
ان کے مطابق ابتدائی طور پر جائیداد کے معاملے یا ذاتی دشمنی کا شبہ ہے۔ مقتولین نے اپنا گھر اور دکانیں کرائے پر دے رکھی تھیں۔ بعد میں یہ جگہیں خالی کرائی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق مقتول یامین خان کا ایک موبائل فون بھی غائب ہے۔
پولیس کی تحقیقات جاری
پولیس پڑوسیوں، گھر میں کام کرنے والے مزدوروں اور دیگر رشتہ داروں کے بیانات ریکارڈ کرے گی۔ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے بچوں کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جائیں گی۔ واقعے کو جلد حل کرنے کی کوشش جاری ہے۔