...

کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی ناکام، 4 ملزمان گرفتار

کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی سول حساس ادارے نے کراچی میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے کے الزام میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں تین کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جبکہ ایک کا تعلق سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے بتایا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر کارروائی

سی ٹی ڈی کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشت گرد اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں موجود ہیں۔ اس اطلاع پر مشترکہ ٹیم نے ابوالحسن اصفہانی روڈ، بلاک 4 کے قریب ایک عوامی پارک میں چھاپہ مارا۔

حکام کے مطابق ملزمان کارروائی کے لیے روانہ ہونے کی تیاری کررہے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ان کے تنظیمی کمانڈر سے رابطے اور دستی بموں کے ذریعے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات سامنے آئیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور فرنٹیئر کور (ایف سی) اور کسٹمز کی موبائل گاڑیوں پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

گرفتار افراد کی شناخت غلام یاسین ولد رئیس وزیر، آفتاب احمد ولد غلام مصطفیٰ اور شعیب ولد عبدالحئی کے نام سے ہوئی۔ حکام کے مطابق ان کے قبضے سے تین دستی بم اور ایک 30 بور پستول بمع میگزین برآمد ہوا۔

فیصل واوڈا کے سخت بیانات: پاکستان مخالف آوازوں کو نسلیں تباہ کرنے کی دھمکی

کورنگی کازوے کے قریب ایس آر اے سے مبینہ تعلق رکھنے والا ملزم گرفتار

سی ٹی ڈی کے مطابق دوسری کارروائی کورنگی کازوے کے قریب کی گئی، جہاں سے سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے وابستہ ہونے کے الزام میں آصف علی عرف آصف سندھی ولد عاشق علی چاچڑ کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے ایک دستی بم برآمد ہوا۔

ابتدائی تفتیش سے متعلق پولیس کے بیان کے مطابق ملزم نے ایک غیر ملکی شہری، ڈی ایس پی پولیس، ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کے گھر کی مبینہ ریکی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.