تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق عوان نے پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے سے متعلق کیس میں تحریری معافی مانگ لی۔
استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان کی جانب سے پولیس اہلکارکو تھپڑ مارنے سے متعلق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی، کیس کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت فردوس عاشق عوان نے معافی مانگتے ہوئے تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کروایا جبکہ متاثرہ پولیس اہلکار کی جانب سے بھی تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کروایا گیا۔
ممبر الیکشن کمیشن سندھ نے استفسار کیا کہ آپ کون ہوتی ہیں قانون ہاتھ میں لینے والی؟ ہم آپ سے تھپڑ مارنے کی توقع نہیں رکھتے تھے، استفسار پر فردوس عاشق نے کہا کہ جوا ہوا غلط ہوا میں اس پر معافی مانگتی ہوں، پولنگ اسٹیشنز پر عجیب ماحول تھا، قانون کا کام تھا مجھے تحفظ دیتا، ہجوم مجھے ہراساں کر رہا تھا جبکہ پولیس تماشائی بنی ہوئی تھی۔
دو رکنی بینچ کی جانب سے بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن آج کی سماعت کا حکم نامہ بعد میں جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ انتخابات کے روز فردوس عاشق عوان نے پولیس اہلکار کو تھپڑ مارا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اس معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے سخت نوٹس لیا گیا تھا۔