گندم سبسڈی سندھ کابینہ کا 25 ایکڑ تک کے آبادگاروں کے لیے اضافی پیکیج منظور

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

کابینہ نے 23 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا۔ اجلاس میں گندم آبادگاروں کے لیے اضافی سبسڈی پیکیج کی منظوری بھی دی گئی۔

گندم آبادگاروں کے لیے اضافی سبسڈی

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر زراعت کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا۔

کابینہ نے 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے گندم آبادگاروں کو سبسڈی دینے کی منظوری دی۔

محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے ہاریوں کے لیے اضافی سبسڈی بڑھا دی گئی۔

یہ اضافی سبسڈی ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے فی من کردی گئی۔

حکام کے مطابق اس پیکیج سے سندھ کے تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار گندم آبادگار مستفید ہوں گے۔

پیکیج پر 14.9 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اضافی سبسڈی کے بعد گندم آبادگاروں کے لیے مجموعی رقم 16 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

نئی رجسٹریشن کا فیصلہ

سندھ کابینہ نے 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے ہاریوں کی نئی رجسٹریشن کھولنے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے رجسٹریشن کا عمل جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

موجودہ مستحق آبادگاروں کی دوبارہ تصدیق محکمہ ریونیو کے ذریعے ہوگی۔

کابینہ نے غیر اہل افراد اور دہرے اندراجات کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل تصدیقی نظام مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا۔

سبسڈی براہ راست ہاری کارڈ اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی

وزیراعلیٰ سندھ نے اہل ہاریوں کو ڈی اے پی کھاد یا منظور شدہ متبادل کی خریداری پر یکساں سبسڈی دینے کی ہدایت کی۔

بریفنگ کے مطابق سبسڈی کی رقم سندھ بینک کے ذریعے براہ راست بینظیر ہاری کارڈ اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی۔

سبسڈی اُن آبادگاروں کو بھی دی جائے گی جو اپنی گندم محکمہ خوراک کو فراہم کریں گے۔

اضافی سبسڈی کا تعین فراہم کی گئی گندم کی مقدار کے حساب سے بھی کیا جائے گا۔

گزشتہ سیزن میں 56 ہزار سے زائد ہاریوں نے گندم فراہم کی

کابینہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ سیزن میں 56 ہزار 741 ہاریوں نے محکمہ خوراک کو گندم فراہم کی۔

حکام کے مطابق نئے پروگرام کا مقصد حقیقی اور چھوٹے آبادگاروں تک سبسڈی پہنچانا ہے۔

ڈیجیٹل تصدیق کے ذریعے مستحق افراد کی شناخت کا نظام بھی بہتر بنایا جائے گا۔

سندھ کابینہ نے گندم کی امدادی قیمت کا فیصلہ آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 2026-27 کی گندم فصل کی امدادی قیمت پر اگلے کابینہ اجلاس میں غور ہوگا۔

انہوں نے گندم سبسڈی پروگرام شفاف اور ہاری دوست انداز میں نافذ کرنے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!