کورنگی پولیس: جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

کراچی کے ضلع کورنگی میں کورنگی پولیس نے جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی زیرِ صدارت ہفتہ وار کرائم میٹنگ میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور مختلف جرائم کے خلاف جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ افسران نے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، منشیات، گٹکا و ماوا، موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم سے متعلق صورتحال پر بریفنگ دی۔

ایس ایس پی کورنگی نے منشیات فروشوں، سپلائرز اور گٹکا ماوا تیار یا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث گروہوں اور موبائل فون و موٹر سائیکل چھیننے والے ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔

میٹنگ میں اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور دستیاب انٹیلی جنس ذرائع کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

پولیس افسران کو پلاٹ، زمین، جائیداد اور قبضے سے متعلق سول نوعیت کے معاملات میں قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔ ایس ایس پی نے واضح کیا کہ کسی فریق کو غیر قانونی فائدہ پہنچانے والے افسر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔

حالیہ ڈکیتی کی وارداتوں کو فوری طور پر ٹریس کرنے کے لیے ایس ایچ او کورنگی اور ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا کو ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر اسنیپ چیکنگ اور جنرل ہولڈ اَپس کرنے، مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی قانون کے مطابق مؤثر چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔

ایس ایس پی کورنگی نے تمام ڈی ایس پیز کو نائٹ پٹرولنگ کی سخت نگرانی کرنے اور اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور کرائم ہاٹ اسپاٹس پر پولیس گشت مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!