کراچی سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، ایک مبینہ دہشت گرد ہلاک، 2 فرار

سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے خداداد کالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی اتوار اور پیر کی درمیانی شب خداداد کالونی فٹ بال گراؤنڈ کے قریب کی گئی۔ اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں چھاپہ مارا۔

پولیس کے مطابق اہلکاروں کے پہنچتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مبینہ دہشت گرد شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی ملزم اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا

پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔ تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ہلاک ملزم کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے زخمی حالت میں اپنا نام مطیع بتایا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم کی حتمی شناخت کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور گولیاں بھی برآمد کیں۔

دو ملزمان فرار

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دو مبینہ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جائے وقوع سے فائرنگ میں استعمال ہونے والے دیگر اسلحے کے خول بھی ملے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے بتایا جاتا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!