سیاسی وابستگی: پیپلز پارٹی کراچی کا فیضان راوت اور معاذ شیخ سے لاتعلقی کا اعلان

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے فیضان راوت اور معاذ شیخ سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں افراد کی مبینہ غیر سیاسی اور ذاتی سرگرمیوں سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں۔

پارٹی کے کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری رؤف احمد ناگوری نے پارٹی لیٹر ہیڈ پر جاری بیان میں واضح کیا کہ فیضان راوت اور معاذ شیخ پارٹی کے کسی عہدے، تنظیمی فورم یا تنظیمی ڈھانچے کا حصہ نہیں ہیں۔ انہیں پیپلز پارٹی کی کسی بھی سطح پر نمائندگی یا ترجمانی کا اختیار حاصل نہیں۔

بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر دونوں افراد سے متعلق مختلف خبریں اور مواد سامنے آنے کے بعد پارٹی نے معاملے کا نوٹس لیا۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے واضح کیا کہ دونوں افراد کا کوئی بیان، سیاسی یا تنظیمی سرگرمی، رابطہ یا اقدام پارٹی کی نمائندگی تصور نہیں ہوگا۔

رؤف احمد ناگوری نے کہا کہ پارٹی قیادت یا پیپلز پارٹی کا نام استعمال کرتے ہوئے فیضان راوت اور معاذ شیخ کی جانب سے کیا جانے والا ہر عمل ان کا ذاتی فعل ہوگا اور اس کی ذمہ داری بھی انہی پر عائد ہوگی۔

پارٹی نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ کسی فرد کو پیپلز پارٹی کے نام، تنظیمی شناخت یا عہدے کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے سے متعلق تنظیمی رپورٹ اور سفارشات پارٹی کو موصول ہوچکی ہیں۔ پارٹی ان سفارشات کی روشنی میں اپنے قواعد و ضوابط کے مطابق ضروری کارروائی کرے گی۔

پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اعلان کے بعد فیضان راوت اور معاذ شیخ کی جانب سے پارٹی سے وابستگی یا اس کی نمائندگی کے کسی بھی دعوے کی حیثیت واضح ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!