بلوچستان: عاصم منیر کا صوبے کے حال اور مستقبل کو پاکستان سے جوڑنے پر زور

راولپنڈی: بلوچستان کے حوالے سے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ صوبے اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور ہمیشہ جڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے پُرعزم و فیصلہ کن ردعمل سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی صورتحال، صوبے کی ترقی اور امن و استحکام سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام کا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے، ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے اجتماعی عزم کے ساتھ ریاست ایسا غیرمتزلزل، پختہ اور فیصلہ کن ردعمل دے گی جو ان مذموم عزائم کو ناکام بنا دے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کو معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے اور ملک کے روشن مستقبل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!