راولپنڈی: دفاعی تعاون کے فروغ پر پاکستان اور شام نے اتفاق کیا ہے۔ شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دفاعی و سکیورٹی روابط بڑھانے اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو پہنچے، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
آرمی چیف نے عالمی امن اور علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا۔ انہوں نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کو اہم قرار دیا۔
شامی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور شام کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے دفاعی و سکیورٹی تعاون اور روابط بڑھانے کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔