کراچی میں حوثی حملہ میں جاں بحق دو پاکستانیوں کی میتیں پہنچ گئیں۔ حملے میں زخمی 6 پاکستانی بھی وطن واپس آگئے۔
ذرائع کے مطابق دو میتیں جمعرات کو سعودی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی پہنچیں۔ سرکاری اور سفارتی حکام نے ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں۔
جاں بحق پاکستانیوں کی شناخت عمیر افضل اور محمد اکرم کے نام سے ہوئی۔ عمیر افضل کا تعلق لانڈھی سے تھا۔ محمد اکرم منزل پمپ کے رہائشی تھے۔
دونوں میتیں کراچی ایئرپورٹ کے کارگو کمپلیکس منتقل کی گئیں۔ بعد میں انہیں اہلخانہ کے گھروں تک پہنچایا گیا۔
زخمی پاکستانیوں میں عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید شامل ہیں۔ تینوں کو پرواز کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا۔
ظہیر احمد، محمد امیر حمزہ اور امتیاز علی کو اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ تمام زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستانی سفارتی عملے نے وطن واپسی کے انتظامات میں مدد کی۔ متاثرہ پاکستانیوں کی منتقلی جدہ سے مکمل ہوئی۔