...

محسن نقوی: وزارت داخلہ کے اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد میں محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ نے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور کوآرڈینیشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں دیگر وزارتوں کے مقابلے میں مختلف اور غیر معمولی نوعیت کی ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم ہونے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی اور تمام اداروں کو ضروری وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اور جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ ہر ادارے کو اپنے متعلقہ ادارے کا دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کرنے کا بھی کہا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا حکومت کا ہدف ہے۔ ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا ہوگا تاکہ شہریوں کو بہترین سہولتیں اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

محسن نقوی نے اداروں کو خودمختار اور بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے دائرہ اختیار میں فیصلے خود کرنے چاہئیں اور ہر معاملہ وزارت داخلہ کو بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ جہاں قوانین میں تبدیلی یا اصلاحات درکار ہوں، وہاں متعلقہ ادارے فوری طور پر تجاویز پیش کریں۔

انہوں نے گزشتہ اور رواں سال حج آپریشن کے دوران منشیات اسمگلنگ کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونے کو اداروں کی بہتر کارکردگی کا واضح ثبوت قرار دیا۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں ماضی میں کام نہ کرنے کا کلچر موجود تھا، تاہم حکومت نے اس سوچ کو تبدیل کیا ہے۔ ان کے مطابق تمام اداروں کو اہداف پر مبنی، نتیجہ خیز اور کارکردگی پر مرکوز انداز میں کام کرنا ہوگا۔

اجلاس میں مختلف ذیلی اداروں کے سربراہان نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں وزارت داخلہ کے اداروں میں آنے والی بنیادی اور مثبت تبدیلیوں کا اعتراف کیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ایم ڈی لینڈ پورٹ اتھارٹی، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد و آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.