کراچی پولیس نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، گٹکا ماوا فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا۔
تھانہ نارتھ ناظم آباد پولیس نے مفرور ملزم عمران ولد عبدالغفار کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مقدمہ نمبر 262/2026 میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 489-F اور 420 کے تحت تھانہ سپر مارکیٹ میں درج مقدمے میں مطلوب تھا۔
اسی تھانے کی دوسری کارروائی میں پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسغر علی شاہ اسٹیڈیم کے عقب، بلاک C نارتھ ناظم آباد سے علی اکبر ولد ایس محمود حسین کاظمی اور ایم اویس خان ولد ایم اسماعیل خان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 30 بور پستول، دو راؤنڈز اور سفید رنگ کا سام سنگ A045 موبائل فون برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 331/2026، دفعہ 23(i)A کے تحت درج کیا گیا۔
تھانہ گلبہار پولیس نے گٹکا ماوا فروشی کے الزام میں واجد ولد محمد زاہد کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے گٹکا ماوا کی 20 پڑیاں برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 276/2026، دفعات 4/8(i) کے تحت درج کیا گیا۔
گلبہار پولیس نے ناظم آباد نمبر 2 میں گجر نالہ کے قریب الطاف بریلوی کے مقام پر پلاٹ نمبر K227 پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی کارروائی کی۔ پولیس نے تین مزدوروں شمشیر ولد عبدالقَیوم، عمران ولد فیض بخش اور ناصر ولد سلطان کو گرفتار کیا۔ ان کے خلاف مقدمہ نمبر 274/2026، دفعات 341/34 کے تحت درج کیا گیا، جبکہ مزید تفتیش سی آئی سی لیاقت آباد ڈویژن کے حوالے کردی گئی۔
اسی تھانے کی ایک اور کارروائی میں پولیس نے مبینہ منشیات فروشوں راحیل اعجاز جنجوعہ ولد محمد اعجاز جنجوعہ اور محمد عارف ولد عبداللہ کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کے قبضے سے مجموعی طور پر 30 گرام آئس برآمد ہوئی، جس میں ہر ملزم کے پاس سے 15،15 گرام آئس ملی۔ دونوں کے خلاف مقدمہ نمبر 275/2026، دفعہ 9(2)1 کے تحت درج کیا گیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق محمد عارف ولد عبداللہ کے خلاف اس سے قبل بھی تھانہ سپر مارکیٹ میں مقدمہ نمبر 50/2023 درج ہے۔
تھانہ پاپوش نگر پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری عبدالملک ولد جمعہ خان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اسے وطن واپسی کے لیے جی سی ٹی گورنمنٹ کالج منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
تھانہ لیاقت آباد پولیس نے شراب فروشی کے الزام میں حسین ولد محمد رفیع کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے شراب کی چار بوتلیں اور 350 روپے نقد برآمد کیے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 502/2026، امتناع منشیات ایکٹ کی دفعات 3/4 کے تحت درج کیا گیا۔
تھانہ سپر مارکیٹ پولیس نے مبینہ منشیات فروش ارجن ولد تلسی کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے 24 گرام آئس اور 130 روپے نقد برآمد ہوئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 513/2026، دفعہ 9(2)-2 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ارجن کے خلاف اس سے قبل تھانہ سپر مارکیٹ میں مقدمہ نمبر 182/2019، دفعہ 381-A، مقدمہ نمبر 183/2019، دفعہ 6/9A اور مقدمہ نمبر 576/2021، دفعہ 6/9A کے تحت مقدمات درج ہیں۔
تھانہ یوسف پلازہ پولیس نے دورانِ گشت اسٹریٹ کرائم کے الزام میں سید کاشف فاروق ولد سید محمد فاروق کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور دو راؤنڈز برآمد کیے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 105/2026، دفعہ 23(i)A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا سابقہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
یوسف پلازہ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں عظمت اللہ ولد عبدالغنی، ستارہ زوجہ عظمت اللہ، آمنہ دختر عظمت اللہ، ادریس ولد عظمت اللہ اور حسیب ولد عظمت اللہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کو وطن واپسی کے لیے جی سی ٹی گورنمنٹ کالج منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔