تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے کسی کارکن کو اپنے ہاتھ میں ڈنڈا، پتھر اور بندوق رکھنے کی ضرورت نہیں۔
کراچی میں یوم تشکر کے جلسے سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کوئی اور حل نہیں ہے، 2018 میں جنہیں 14 نشستیں چھین کر دی گئی تھیں وہ کراچی کو پانی کی ایک بوند نہ دے سکے۔
انہوں ن کہاکہ ہمارا جو ایم این اے اور ایم پی اے اپنے حلقے میں نہیں جائے گا وہ گھر جائے گا، آج تمام منتخب نمائندے شہدا قبرستان جائیں گے، اب ایم کیو ایم کے کسی کارکن کو اپنے ہاتھ میں ڈنڈا، پتھر اور بندوق رکھنے کی ضرورت نہیں، جس نے ایسا کیا اس کی رکنیت منسوخ کر دی جائے گی۔
دوسری جانب مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات میں نہ وزارتوں کی بات ہوئی نہ گورنری کی، نواز شریف سے بات ہوئی کہ عوام کو مسائل سے کیسے نکالا جا سکتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور بانی ایم کیو ایم پر وار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔
سینئر ڈپٹی کنوینر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی والے بڑے منافق ہیں، ہم ان تک نہیں پہنچ سکتے، بانی ایم کیو ایم بھرم بازی چھوڑیں، ڈاکٹر عمران فاروق کی فیملی سے معافی مانگیں ، میں چاہتا ہوں کہ ان کا خاتمہ ایمان پر ہو۔