اساتذہ معاوضہ بڑھانے کے حوالے سے چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی (BSEK) مشرف علی راجپوت نے امتحانی ڈیوٹی اور ای-مارکنگ کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں عملی اقدامات جاری ہیں اور اساتذہ کو جلد خوشخبری دی جائے گی۔
یہ اعلان آل سبجیکٹس ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ (آسٹا) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وفد کی قیادت صدر آفتاب احمد نے کی، جبکہ اساتذہ کے نمائندوں نے چیئرمین کراچی بورڈ کی اساتذہ دوست پالیسیوں، شفاف انتظامی نظام اور تعلیمی اصلاحات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرف علی راجپوت کی قیادت میں بورڈ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
چیئرمین کراچی بورڈ نے اس موقع پر کہا کہ اساتذہ تعلیمی نظام کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ امتحانی ڈیوٹی اور ای-مارکنگ کے معاوضوں میں اضافے سمیت دیگر سہولتوں کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
ملاقات میں اسسمنٹ سپروائزری کمیٹی کے کنوینر سید ریحان علی، ماہرِ تعلیم پروفیسر اشفاق بیگ اور پروفیسر ولید یمنی بھی شریک تھے۔
آسٹا کے وفد میں مجاہد پرویز، غلام رسول راجپر، غزالہ یاسمین، لالہ بشیر احمد پٹھان، ناصر رؤف خان اور ڈاکٹر سعید احمد صدیقی شامل تھے۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گی۔
