میر رضا علی: عدالت کے حکم پر آج قبر کشائی، موت کی وجہ جانچنے کے لیے میڈیکل بورڈ متحرک

میر رضا علی کی موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے کراچی میں عدالتی حکم پر آج صبح 9 بجے قبر کشائی کی جائے گی۔ گلستانِ جوہر سے ملنے والے نوجوان تاجر کے والد کی درخواست پر عدالت نے قبر کشائی، پوسٹ مارٹم اور دیگر فرانزک معائنے کی اجازت دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقتول کے والد میر حسین نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے قبر کشائی کر کے سینئر فرانزک اور پیتھالوجی ماہرین کی نگرانی میں دوبارہ پوسٹ مارٹم، ایکسرے اور ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے۔

عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے قبر کشائی کا حکم دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن نے درخواست پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، اس لیے سیکریٹری صحت اور پولیس سرجن فوری طور پر میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر تمام قانونی اور طبی مراحل جلد مکمل کریں۔ عدالت نے ایس ایچ او فیروز آباد کو بھی ضروری انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق قبر کشائی اور فرانزک معائنے کے لیے ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ بورڈ میں پیتھالوجی، فارنزک میڈیسن، میڈیکو لیگل اور فرانزک شناخت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینئر ماہرین شامل ہیں، جو قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم اور دیگر سائنسی معائنوں کی نگرانی کریں گے۔

ادھر تفتیش میں ایک نئی پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی لاش ملنے والی جگہ سے 30 بور پستول کا ایک خول برآمد ہوا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس شواہد کا جائزہ تفتیش کے دیگر پہلوؤں کے ساتھ ملا کر لیا جائے گا تاکہ موت کی وجوہات اور واقعے کی نوعیت واضح ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!