خالد جاوید: کیماڑی انوسٹی گیشن میں 40 سالہ خدمات پر سب انسپکٹر کو شاندار الوداع

خالد جاوید کی 40 سالہ پولیس خدمات کے اختتام پر انوسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی ساؤتھ زون کراچی میں ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریٹائر ہونے والے سب انسپکٹر کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی مسرور احمد جتوئی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ دفتر کے افسران، اہلکاروں اور سب انسپکٹر خالد جاوید کے ساتھیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ سب انسپکٹر خالد جاوید نے محکمہ پولیس میں چار دہائیوں تک خدمات انجام دیں۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد اہم اور پیچیدہ مقدمات کی تفتیش پیشہ ورانہ مہارت سے مکمل کی اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی نے خالد جاوید کی دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محکمہ پولیس کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی دیگر افسران کے لیے بھی ایک مثال ہے۔

تقریب کے دوران ایس ایس پی انوسٹی گیشن، دیگر افسران اور اہلکاروں نے ریٹائر ہونے والے سب انسپکٹر کو یادگاری تحائف پیش کیے، انہیں مبارک باد دی اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شرکاء نے بھی سب انسپکٹر خالد جاوید کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!