کراچی بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر میں یکم اگست کی شام سے 2 اگست تک ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے۔ موسلا دھار بارش کا امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا شدید کم دباؤ اس وقت مدھیہ پردیش میں موجود ہے۔ یہ سسٹم اس وقت ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کیے ہوئے ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ آئندہ 12 گھنٹوں میں سسٹم کمزور ہونا شروع ہو جائے گا۔ مزید 24 سے 36 گھنٹوں میں یہ کم دباؤ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی شمالی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔
اس موسمی نظام کے باعث تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سانگھڑ اور حیدرآباد میں بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں 31 جولائی کی شام یا رات سے 2 اگست تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں بھی یکم اگست کی شام سے 2 اگست تک بارش متوقع ہے۔ شہر میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے، تاہم موسلا دھار بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔