نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی کمان جنرل سید عامر رضا نے باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل سید عامر رضا نے منصب سنبھالنے کے بعد جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یہ تقرری وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کے دو روز بعد عمل میں آئی۔ وزیراعظم آفس نے ترقی کے ساتھ ہی انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
جنرل سید عامر رضا نے 1988 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں، جبکہ انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کی ہے۔
اپنے فوجی کیریئر کے دوران جنرل سید عامر رضا مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ انہیں جنوری 2025 میں چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل ہیڈکوارٹرز تعینات کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ فور کور کے کمانڈر اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔