ایچ آئی وی کے خلاف سندھ حکومت نے اقدامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور بروقت تشخیص کے لیے اسکریننگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
کراچی میں جناح اسپتال میں منعقدہ چوتھی انٹرنیشنل فیملی پلاننگ سمٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ اسکریننگ سے ایچ آئی وی کے کیسز کی جلد تشخیص ممکن ہوگی، جس سے بیماری پر قابو پانے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت مریضوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے، اسی لیے حالیہ عرصے میں صحت کے شعبے میں نئی بھرتیاں کی گئی ہیں، جبکہ مزید طبی عملہ بھی بھرتی کیا جائے گا تاکہ اسپتالوں کی خدمات میں بہتری آئے۔
ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا کہ اسپتالوں کے اندر میڈیا کی موجودگی کی اجازت نہیں ہوتی، تاہم ڈاکٹرز اور دیگر متعلقہ افراد اسپتال سے باہر آ کر میڈیا سے بات کر سکتے ہیں اور اپنا مؤقف پیش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ سرکاری اسپتالوں میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتا رہے، کیونکہ ایسی نشاندہی سے حکومت کو مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جناح اسپتال میں ڈاکٹر خالد شیر کو میڈیا سے رابطے اور ادارے کا مؤقف پیش کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔