شکایات سینٹر: ضیاء الحسن لنجار کا شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کا حکم

کراچی میں شکایات سینٹر کے دورے کے دوران وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شہریوں کے مسائل براہِ راست سنے اور متعلقہ محکموں کو ان کے فوری، شفاف اور مؤثر حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون کے ذریعے شہریوں کی مختلف شکایات سنیں۔ اس موقع پر مختلف سرکاری اداروں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ضیاء الحسن لنجار نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام شکایات کو مقررہ وقت کے اندر نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ترجیح عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے ریاستی اداروں کو خود عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ان کی شکایات پر ہونے والی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور تمام اداروں کو جوابدہی، شفافیت اور بہتر کارکردگی کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے وژن کے مطابق شہریوں کو فوری، باعزت اور بلاامتیاز سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ حکومت کی کارکردگی کا اہم پیمانہ ہے۔ شکایات سینٹر کو عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا مضبوط ذریعہ بنایا جائے گا تاکہ ہر شہری کو یقین ہو کہ اس کی آواز سنی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مؤثر گورننس، فوری انصاف اور شفاف احتساب کے ذریعے عوامی خدمت کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور تمام محکمے شہریوں کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!