کراچی: خطرناک عمارت سے ممکنہ حادثے کا خطرہ ٹل گیا۔ لیاری ٹاؤن کے علاقے دریاآباد میں ایک رہائشی عمارت کی خستہ حال پروجیکشن وال کو فوری کارروائی کے ذریعے مسمار کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق پلاٹ نمبر 3051، اسٹریٹ نمبر 3 پر واقع گراؤنڈ پلس فائیو عمارت کی پروجیکشن وال انتہائی خستہ حالت میں تھی۔ متعلقہ اداروں کو خدشہ تھا کہ دیوار کسی بھی وقت گر سکتی ہے اور جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے فوری نوٹس لیا۔ انہوں نے معاملہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وسیم شمشاد کے علم میں لایا۔
ڈی جی ایس بی سی اے نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر نے ڈائریکٹر ڈیمولیشن کو فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
ڈیمولیشن ٹیم موقع پر پہنچی اور حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کے بعد خطرناک پروجیکشن وال کو مسمار کر دیا۔ بروقت کارروائی سے ممکنہ حادثہ ٹل گیا اور علاقے میں جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ڈی جی ایس بی سی اے ڈاکٹر وسیم شمشاد، ایڈیشنل ڈی جی فرحان قیصر اور ڈیمولیشن ٹیم کی فوری کارروائی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بروقت اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
